
لاہور(ڈیلی پریس کانفرنس اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر2026ء) لاہور کے جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث وارڈ میں دھواں بھر گیا۔ واقعہ کے بعد ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے حاملہ خواتین سمیت تقریباً 70 افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ گائنی وارڈ کی چھت میں نصب بجلی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
آگ لگنے کے فوراً بعد ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ عملے نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور وارڈ میں موجود مریضوں، تیمارداروں اور دیگر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث وارڈ میں دھواں بھرنے سے ایک سیکیورٹی گارڈ کی حالت خراب ہوگئی، جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
واقعے میں کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ فائر فائٹنگ عملے نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جس کے بعد صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے اور بجلی کی وائرنگ کا معائنہ کرنے کے لیے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔


