ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے ’بھارت‘ میں کام کرنے پر پریانکا چوپڑا کو طنزیہ انداز میں خوش آمدید کہا۔ بالی ووڈ کی صفہ اول اداکارہ پریانکا چوپڑا بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین سال سے ہالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوا رہی ہیں اور اور کئی پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں مشہور ٹی وی شو ’کوانٹیکو‘ بھی شامل ہے اور اپنے مصروف شیڈول کے باوجود وہ علی عباس کی فلم ’بھارت‘ میں جلوہ گر ہوں گی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اپنی نئی فلم ’بھارت‘ میں پریانکا کے ساتھ کام کرنے پر خوش ہیں وہیں انہوں نے پریانکا کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واپس بھارت آنے پر طنزیہ انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم بہت جلد آپ کو دیکھے گے، ویسے ہماری فلم ہندی ہے۔دوسری جانب فلم ’بھارت‘ کے معروف ہدایتکار علی عباس ظفر نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے پریانکا کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور ساتھ ہی لکھا کہ بھارت کی مٹی اور ہوا کو آپ کا انتظار ہے۔