1

طلبہ کیلئے خوشخبری، ای بائیک پورٹل کھل گیا

ویب ڈیسک:پنجاب کے طلبہ کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کا پورٹل بحال ہو چکا ہے جس کے تحت اب آپ اپلائے کر سکتے ہیں۔ اسکیم کا مقصد طلبہ کو آسان، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اہل طلبہ، جن میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہیں، کو بائیکس کی خریداری کیلئے بلاسود فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ حکومت کی جانب سے بائیکس پر سبسڈی بھی دی جائے گی۔ طلبہ آسان ماہانہ اقساط میں رقم ادا کرسکیں گے۔ اسکیم میں مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
طلبہ کو جدید الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی جس میں 72 وولٹ، 30 ایمپیئر آور بیٹری نصب ہوگی۔ بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ موٹر کی طاقت 1000 واٹ ہوگی۔
اس اسکیم سے پنجاب کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ استفادہ کرسکیں گے۔
درخواست دینے کیلئے کم از کم عمر 16 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدوار کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ درست شناختی کارڈ (CNIC) بھی لازمی ہوگا۔
اسکیم کے تحت والدین یا قانونی سرپرست بطور ضامن مقرر ہوسکتے ہیں، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے فراہم کیا جانے والا موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا۔
طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کیلئے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔
درخواست دینے کیلئے سرکاری ویب سائٹ https://bikes.punjab.gov.pk/پر رجوع کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں