109

گوجرانوالہ: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف احتجاج ،فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق


گوجرانوالہ(ڈیلی پریس کانفرنس) نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف احتجاج پر تشدد رخ اختیار کرگیا، تصادم کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کےخلاف متاثرین نے احتجاج کیا، احتجاج کے دوران سیکیورٹی عملے اور مظاہرین آپس میں الجھ گئے، اس موقع پر دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر لاتوں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔
مظاہرین اس قدر مشتعل تھے کہ انہوں نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر کو تہس نہس کرڈالا، کرسیاں توڑ دی اور گملوں کو شدید نقصان پہنچایا، تاہم افسوسناک واقعہ اس وقت رونما ہوا جب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی سیکیورٹی نے مشتعل مظاہرین کو روکنے کے لئے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہوائی فائرنگ پر مظاہرین مزید مشتعل ہوئے اور انہوں نے بھی جوابی حملہ کرنا شروع کردئیے اور یہ تصادم خونی منظر پیش کرنے لگا، ڈنڈوں کے وار لگنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
نجی ہاؤسنگ کا دفتر کئی دیر تک میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، تاہم علاقہ پولیس میدان سے غائب رہی، تصادم کے نتیجے میں تین افراد کے جاں بحق ہونے پر پولیس حرکت میں آئی اور بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور حالات کو کنٹرول میں کیا۔
اس موقع پر صدر پولیس نے سوسائٹی مالکان احمد اور وقاص کوحراست میں لیتے ہوئے تھانے منتقل کردیا جبکہ مظاہرین نے سیکیورٹی عملے کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ہر قسم کی ٹریفک کے لئے جی ٹی روڈ کو بند کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں