13

کپتان کے اہل ہونے سے ٹیمیں نہیں جیتا کرتیں، چودھری نثار


اسلام آباد: (ڈیلی پریس کانفرنس) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کپتان کے اہل ہونے سے ٹیمیں نہیں جیتا کرتیں، اچھے کھلاڑی بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چودھری نثار علی خان کا ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف معاشی پالسیوں میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے، ان پالسیوں کا بوجھ پاکستان کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ حکومتیں صرف لولی پاپ اور نعروں پر نہیں چلتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خاموشی ہزار نعمت ہے، دلیل کی جب کوئی وقعت نہ ہو تو خاموشی بہتر ہے۔ آج قومی سیاست میں ایک طوفان بدتمیزی برپا ہے۔ جو شخص اپنے اصولوں پر قائم نہیں، وہ سیاست دان نہیں کہلاتا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مودی سے خیر کی توقع نہ رکھی جائے۔ جنہوں نے مودی سے خیر کی توقع رکھی، آج عوام ان سے جواب لیں۔ مودی کا ایجنڈا اسلام دشمنی پر مبنی ہے۔ کوئی اسلام دشمن کیسے پاکستان سے دوستی بڑھا سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ چاہے فائدہ ہو یا نقصان، میں اپنے بیانیے پر قائم ہوں۔ یہ حکومت لوکل باڈیز الیکشن نہیں کروائے گی۔ حالات آج اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ حکومت کسی کو بھی مل جائے، وہ سنبھال نہیں پائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں