39

‘پنگا نہ لو’ پاکستانی فنکار بھارتی دراندازی کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ


لاہور: (ڈیلی پریس کانفرنس) بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی حدود میں فضائی حملے اور جھوٹی سرجیکل سٹرائیک کو جہاں پاک فوج نے ناکام بنا دیا وہیں پاکستانی فنکاروں نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

(ڈیلی پریس کانفرنس) کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جانب سے رات کے اندھیرے میں بزدلوں کی طرح کئے جانے والے فضائی حملے پر پاکستانی شوبز سٹارز نے نہ صرف حملے کی مذمت کی ہے بلکہ بالی وڈ اداکاروں کی جانب سے اس حملے کی تعریف اور جنگ کا پرچار کرنے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’میں دیکھ رہی ہوں کچھ بالی وڈ فنکاروں کے اکاؤنٹس سے جنگ کی حمایت کی جا رہی ہے، ان لوگوں کو دنیا کا مستقبل خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، آرٹسٹوں کو سمجھدار ہونا چاہئے‘‘۔

اداکار فیصل قریشی نے لکھا ’’ہماری برداشت کا اور امتحان مت لو‘‘، اس کے ساتھ ہی فیصل قریشی نے ایک پاکستانی نیوز اینکر کا پیغام بھی لنک کیا جس میں لکھا ہے، ’’ہمیں امن کیلئے آخری حد تک جانا چاہیے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پھر ہم لڑائی میں بھی آخری حد تک جائیں گے۔ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو جنگ کی آگ میں نہیں جھونکنا چاہتے لیکن کوئی راستہ نہ چھوڑا گیا تو ہم اپنے بچوں کیلئے بزدلی کی داستانیں نہیں چھوڑیں گے‘‘، اس کے ساتھ فیصل قریشی نے ’’پاکستان تیار ہے‘‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

اداکارہ ماورا حسین نے بالی وڈ اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ’’یہ بے تکی چالیں ہیں اور بیوقوف لوگ بیوقوفی کی حمایت کر رہے ہیں‘‘۔ اداکار اعجاز اسلم نے بھارتیوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی حملے پر فوری اور بروقت کارروائی کرکے انہیں بھاگنے پر مجبور کر دیا، پاکستان تجھے سلام‘‘۔ اداکار و گلوکار ہارون شاہد نے اپنی ایک تصویر شیئر کی اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’ ہم سے پنگا نہیں لینا‘‘ کے ہیش ٹیگ استعمال کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں