34

نواز شریف کا متنازع بیان، پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم سے وضاحت مانگ لی

کراچی: نواز شریف کے متنازع بیان پر پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم سے وضاحت مانگ لی، فیصلہ پیپلز پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں‌ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی زیر صدارت منعقد ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا ہے، اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آکربیان کی وضاحت کریں۔

اجلاس میں کہا گیا وزیراعظم قوم کوبتائیں کہ قومی سلامتی کمیٹی میں انھوں نے کیا بیان دیا، بتائیں کہ نواز شریف کے بیان پر کمیٹی کے سامنے کیا مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔

مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری خورشید شاہ اور دیگر رہنماؤں سے اس معاملے پر رابطہ کریں گے۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج رات اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے، اجلاس میں نوازشریف کے بیان سے متعلق صورت حال پر مشاورت کی جائے گی۔

پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خورشیدشاہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اے این پی کے اسفندیار ولی اور ایم کیو ایم سے رابطے کریں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی فیصلے کرے اوروزیراعظم ہمیں آگاہ کریں‘ خورشید شاہ

دریں اثنا آصف زرداری نے کہا کہ نوازشریف کے بیان سے دنیا میں پاکستان کا امیج متاثر ہوا ہے، ان کے بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پارلیمنٹ میں وضاحت کریں، انھوں نے کہا کہ ملکی سالمیت کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جاسکتی۔

واضح رہے ایک روز قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ نے کہا تھا کہ نواز شریف کا موجودہ حکومت سےتعلق ہے، قومی سلامتی کمیٹی فیصلے کرے اور وزیراعظم پارلیمنٹ میں آ کر ان کے بیان کی وضاحت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں