23

لاہور ہائیکورٹ، شریف فیملی کی العریبیہ شوگرمل کے اثاثے منجمدکرنے کےخلاف درخواست مسترد


لاہور(ڈیلی پریس کانفرنس) لاہورہائیکورٹ نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی العریبیہ شوگر مل کے اثاثے منجمد ہونے کیخلاف درخواست مستردکردی، عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قراردے کر مستردکردیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور درخواست گزار کی طرف سے ایڈووکیٹ سلمان احمدبٹ پیش ہوئے۔ العریبیہ شوگر مل کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ چیئرمین نیب کو سیکشن 12 کے تحت کو نیم عدالتی اختیار دیا گیا ہے اور قانون کہتا ہے کہ جس کو یہ اختیار دیا جائے وہ اسے آگے منتقل نہیں کر سکتا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مذکورہ کیس میں چیئرمین نیب کے اختیارات ڈی جی نیب نے استعمال کیے جس کی قانون اجازت نہیں دیتا اور نیب لاہور نے خلاف قانون اقدام اٹھاتے ہوئے العزیزیہ سٹیل مل کے اثاثہ جات کو فریز کیا۔متن میں درج ہے کہ مذکورہ کمپنی کی شیئرہولڈر کے علاوہ قانونی طور پر الگ حیثیت ہے، کمپنی کے اثاثہ جات سے شیئر ہولڈر اور ڈائریکٹرز کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس معاملے میں کمپنی کی ایک الگ قانونی حیثیت ہے اور ملزمان کا اثاثہ جات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عدالت میں موقف اپنایا گیا کہ کمپنی ناں ہی مجرم ہے اور ناں ہی کسی کی رشتہ دار ہے، کمپنیز ایکٹ کی شق 41 بی کے تحت جب تک ایس ای سی پی انکوائری ناں کرلے تب تک ریفرنس فائل نہیں کیا جا سکتا ہے۔نیب بیورو کی جانب سے درخواست گزار کی کمپنی پر مانیٹرنگ آفیسر تعینات کیا گیا جو غیر قانونی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف، سلمان شہباز سمیت دیگر کیخلاف نیب لاہور میں انکوائری زیر التوا ہے جب کہ اس سے قبل کوئی بھی ریفرنس یا انکوائری التوا میں نہیں ہے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین نیب سمیت دیگر کو کمپنی کے معاملات میں دخل اندازی سے روکا جائے اور نیب کا 25 نومبر 2019 کا آڈرغیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔ہائی کورٹ نے درخواست پر دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی العریبیہ شوگر مل کے اثاثے منجمد ہونے کیخلاف درخواست مستردکردی،عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قراردے کر مستردکردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں