269

رائیونڈ خودکش حملے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

لاہور: رائیونڈ اجتماع گاہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے 5 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔


قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت پولیس اہلکاروں اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید محمد سعید، اسلم، منظور، تنویر اور سعید کی میتیں تدفین کے لئے آبائی علاقوں کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد انہیں مکمل اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رائیونڈ اجتماع گاہ کے باہر قائم پولیس چیک پوسٹ کے قریب تقریباً پونے 9 بجے خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق جس وقت اے ایس پی زبیر نذیر بریفنگ دے رہے تھے اسی وقت موٹر سائیکل پر سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور نے تین سے چار کلو بارودی مواد خود کش جیکٹ میں لگایا ہوا تھا۔

دھماکے کے مقام سے مشتبہ دہشت گرد کے جسم کے اعضاء بھی ملے جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے لیب بھجوادیا گیا ہے۔

خود کش حملہ آور نے پولیس کو نشانہ بنایا، ڈی آئی جی آپریشنز
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور نے پولیس کو نشانہ بنایا جس میں 5 پولیس اہلکار اور 4 شہری شہید ہوئے۔

ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے انسانی اعضاء بھی ملے ہیں جنہیں معائنے کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے شریف میڈیکل سٹی اسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوئے جن میں اے ایس پی سمیت 13 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دھماکا رائے ونڈ میں اجتماع گاہ کے قریب ہوا جہاں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع جاری ہے۔

بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں، صدر ممنون حسین
صدر ممنون حسین نے رائے ونڈ میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو زخمیوں اور متاثرین کی ہرممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشتگردوں کو شکست دی ہے اور اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں۔

شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائے ونڈ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں