60

دنیا بھر میں کورونا سے ایک لاکھ 84 ہزار 235 اموات، 26 لاکھ 37 ہزار 911 متاثر


نیویارک: (ڈیلی پریس کانفرنس) دنیا بھر میں کورونا کا پھیلاؤجاری ہے، مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 235 ہو گئی، 26 لاکھ 37 ہزار 911 افراد متاثر ہیں، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا لمبے عرصے تک دنیا میں رہے گا۔
دنیا خطرناک وائرس کورونا کی لپیٹ میں، امریکا کے بعد اٹلی میں سب سے زیادہ 25 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اسپین میں اکیس ہزار سات سو سترہ افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اسپین میں ہنگامی حالت کے نفاذ کو مزید دو ہفتے تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ فرانس میں بھی صورتحال تشویشناک ہو گئی جہاں کورونا سے 21 ہزار تین سو چالیس افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا سے 18100افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارت میں ہلاکتیں 681 ہو گئیں جبکہ اکیس ہزار تین سو سترہ افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ سعودی عرب میں جاں بحق افراد کی تعداد 114 ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد میں کمی آئی ہے اور گذشتہ روز صرف آٹھ نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے چار بیرون ملک سے منتقلی کئے گئے ہیں۔
تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کا سب سے کم عمر مریض، ایک ماہ کا بچہ صحتیاب ہو گیا ہے۔ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس سے ہونے والی دو نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں اموات کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے۔ جرمنی نے اپنی 16 ریاستوں میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈراس ادھانوم غیبریسس نے دنیا کو متنبہ کیا ہے کہ کورونا لمبے عرصے تک دنیا میں رہے گا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں اس وبا میں اضافے کا رحجان دیکھنے میں آ رہا ہے جو تشویشناک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں