112

حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں جدید جراثیم کُش گیٹ نصب


ریاض: (ڈیلی پریس کانفرنس) سعودی عرب کی الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمے دار جنرل پریزیڈینسی نے کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسجدالحرام کے داخلی راستوں پر جدید جراثیم کش گیٹ نصب کر دیے ہیں۔
اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو پہلے جدید جراثیم کش گیٹ سے گزرنا ہوگا، وہاں اس پر سرتا پاؤں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا اور مصفا کیا جائے گا۔
مسجدالحرام میں ان دروازوں کی تنصیب سے صرف ایک ہفتہ قبل تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے، یہ طاقتور کیمرے بیک وقت 25 تک افراد کے جسمانی درجہ حرارت کی پیمائش کرسکتے ہیں، یہ کیمرے بھی مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر نصب کیے گئے ہیں۔ اس ماہ کے اوائل میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی اسی طرح کے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے۔
سعودی حکومت نے مارچ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا اور الحرمین الشریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم) میں تاحکم ثانی عام لوگوں کا داخلہ بند ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل سعودی حکومت نے شہروں میں نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی تھی لیکن مکہ مکرمہ میں بدستور لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
سعودی وزارت برائے اسلامی امور نے اپریل میں ان افواہوں کی تردید کی تھی کہ مملکت بھر میں مساجد کو باجماعت نمازوں کی ادائی کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ سعودی عرب نے مارچ میں کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مملکت بھر میں تمام مساجد کو باجماعت نمازوں کے لیے بند کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں