27

ایڈیلیڈ ٹیسٹ:باولرز کے بعد پاکستانی بلے بازوں کی بھی مایوس کارکردگی


ایڈیلیڈ(ڈیلی پریس کانفرنس )ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں پہلے باولرز نے مایوس کیااور اب بیٹسمن امیدوں پر پانی پھیرتے نظر آرہے ہیں۔پہلی اننگ میں گرین شرٹس کی جانب سے روایتی انداز میں مایوس کن آغاز ہوا ہے۔48رنز پر تین کھلاڑی پویلین پہنچ چکے ہیں۔وکٹیں گرانے کا کھاتہ اوپنر امام الحق کی وکٹ گرنے سے کھلا اس کے بعد اظہر علی نے واپسی کی راہ دیکھی جبکہ تیسرا نقصان شان مسعود کی صورت اٹھانا پڑا۔ امام الحق مچل سٹارک کی بال پر وارنر کے ہاتھوں ، اظہر علی کیومنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں جبکہ شان مسعود ہیزلوڈ کی گیند پر پینے کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔بابر اعظم اور اسد شفیق ابھی کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان گلابی ( پنک) گیند سے کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوسرے روزمیزبان ٹیم نے589رنزپرمیچ ڈکلیئرکردیا۔کینگروز نے 3وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کیلئے رنزکا پہاڑ کھڑا کردیاہے۔ڈیوڈ وارنر نے ریکارڈ اننگر کھیلتے ہوئے ٹرپل سنچری بنائی ۔انہوں نے40چوکے لگا کر پاکستانی باولرز کے چھکے چھڑا دیئے۔وارنرکو شاہینوں کی کمزور فیلڈنگ نے ایک چانس بھی دیا جس کے بعد سے وہ کسی باولر کے ہاتھ نہیں آئے۔آسٹریلیا نے ٹیسٹ کے دوسرے روز 302 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور اس کا ایک کھلاڑی آوٹ ہوا تھا جب کہ لیبوشین اور ڈیوڈوارنر پیچ پر موجود تھے۔تاہم 369رنز پرآسٹریلیا کو شاہین آفریدی کے ہاتھوں دوسرا نقصان اٹھانا پڑا۔آفریدی نے لیبوشین کو 162 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔پانچ روزہ میچ کا پہلا دن آسٹریلوی بلے بازوں کے نام رہا جبکہ پاکستانی باولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے۔ٹیسٹ کے پہلے دن واحد بلے باز جو پاکستانی باولر کا نشانہ بنے وہ جو برنس تھے جنہوں نے آسٹریلیا کے اسکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کیا۔ان کی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی۔ وہ وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ ہوئے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، امام الحق، بابراعظم، اسد شفیق، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد عباس اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔آسٹریلین ٹیم کی قیادت ٹم پین کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، جو برنز، مارنوس لیبوشانے، سٹیو سمتھ، میتھیو ویڈ، ٹریوس ہیڈ، پیٹ کومنز، مچل سٹارک، نتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔یاد رہے آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست دے چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں